یہ قرآن کریم واقعی عجیب نہیں ہے ؟ موت و حیات کا راز یہ فاش کرتا ہے آسمانوں کی خبریں یہ دیتا ہے کہکشاوں پر اس کی نظر ہے انسان کی پیدائش سے لے کر اس کی موت تک کی داستان اس نے قلم بند کررکھی ہے تہذیب کی پرتیں یہ کھولتا ہے فرد اور ہجوم کی نفسیات یہ آشکار کرتا ہے زمانے کی نبض ہو انسان کے دل کی دھڑکن یہ دونوں کو سمجھتا ہے اور اپنے پڑھنے اور سمجھنے والوں کو سمجھاتا بھی ہے اس لے منفرد ہے اس میں ٹھنڈے میٹھے چشمے جیسی تراوٹ ہے تو زمانے کے بہتے دریا جیسی روانی ہے یہ اتنا عجیب ہے کہ فرد اور قوم دونوں کو ایک ساتھ مخاطب کرتا ہے اس کی مٹھاس دل کو بوجھل نہیں ہونے دیتی یہ غیب کی خبریں دیتا ہے لیکن حال کو نظر انداز بھی نہیں کرتا یہ دوٹوک بات کرتا ہے لیکن اس کے لہجے میں نفرت محسوس نہیں ہوتی یہ جب لطف پیار محبت اور رحمت کے نغمے چھیڑتا ہے تو پوری کائنات کسی انوکھے کیف میں مست معلوم ہوتی ہے اور جب یہ کسی کی ناراضی کا پیغام سناتا ہے تو دل کی گہرائیوں سے لے کر فلک کی وسعتوں تک ہر سو سناٹا محسوس ہونے لگتا ہے یہ اتنا عجیب ہے کہ اسے ذرا دھیان سے پڑھو تو لگتا ہے یہ خود بول رہا ہے اس سے سوال کرو تو جواب دیتا ہے یا کوئی نشانی ضرور بتاتا ہے یہ زندگی سے مثالیں لاتا ہے اور خود سوال اٹھاتا ہے یہ سوچ کی بلندیوں سے اوپر بھی پرواز کرلیتا ہے اور دل کے پنجرے میں سمٹ بھی جاتا ہے اور اس کی ایک صفت تو عجیب ترین ہے یہ غم کو سمیٹ لیتا ہے آنسوؤں کو جذب کرلیتا ہے اور تنہائی کو دور کردیتا ہے بھائیو کوئی ہے جو اسے آزمائے؟ کیا کسی نے قرآن کو آزمایا ہے ؟
یہ قرآن کریم واقعی عجیب نہیں ہے ؟
